اسلام آباد ۔ 17 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی راہ میں رکاوٹوں کے خاتمہ، سازگار ماحول کی فراہمی اور بالخصوص نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دینا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ جمعہ کو ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ ای کامرس ملکی …
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 17 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی راہ میں رکاوٹوں کے خاتمہ، سازگار ماحول کی فراہمی اور بالخصوص نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد دینا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ جمعہ کو ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چونکہ ای کامرس ملکی معیشت کی ایک اہم ضرورت ہے اور موجودہ حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ ای کامرس پالیسی متعارف کرائے جانے کا مقصد چھوٹے اور درمیانے انٹرپرائزز کے بزنس میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری خزانہ، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین، وزارت تجارت ، سٹیٹ بنک اور ایف بی آر اور پاکستان پوسٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے سٹیٹ بنک اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ ای کامرس پالیسی پر مکمل عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور اسے فری لانسرز، تعلیم یافتہ اور ٹیکنالوجی ایکسپرٹ نوجوانوں کی آمدن کیلئے مفید بنایا جائے۔انہوں نے سٹیٹ بنک اور وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ غیرملکی ترسیلات زر کی موجودہ حد پانچ ہزار ڈالر میں اضافہ کیا جائے۔ ای کامرس پالیسی کے تحت اشیاءکی آسان اور کم لاگت ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان پوسٹ کو ہدایت کی کہ پوسٹل نیٹ ورک میں ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے اقدامات کئے جائیں اور ملک اور بیرون ملک سے اشیاءکی عالمی معیار کے مطابق ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کیش آن ڈلیوری اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز پر ٹیکس مراعات پر بھی غور کیا جائے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد میں پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کامرس ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ای کامرس پالیسی سے ملازمت پیدا کرنے کے مواقع، ایس ایم ایز کے فروغ، غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ، خواتین کو بااختیار بنانے اور ملکی برآمدات میں اضافہ میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں اور تاجروں کو وافر ترقیاتی مواقع بھی میسر آئیں گے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ای کامرس پالیسی پر عملدرآمد اس سلسلے میں نجی شعبہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے اور نجی شعبہ نے نہ صرف پالیسی کا خیرمقدم کیا ہے بلکہ پالیسی پر عملدآمد کے روڈ میپ میں بھی گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پالیسی پر عملدآمد کیلئے ایک جامع اور تفصیلی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس میں ای کامرس ایکسپورٹ پلیٹ فارم کے قیام پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ انٹرنیشنل پے منٹ گیٹ وے کی تشکیل کے ساتھ مرچنٹ پے منٹ گیٹ کے قیام کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ برآمدات کے فروغ کیلئے نہ صرف برآمد کنندگان کو سہولت دی جاسکے بلکہ مقامی بزنس کمیونٹی کو بھی سہولت میسر آئے۔








