وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، پاور سیکٹر کے مسائل، شعبہ میں مجوزہ اصلاحات، ری سٹرکچرنگ، گردشی قرصہ اور آئی پی پیز سے مذاکرات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا

105

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے حوالہ سے اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی شہزاد قاسم، معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کے مسائل، شعبہ میں مجوزہ اصلاحات، شعبہ کی ری سٹرکچرنگ اور گردشی قرصہ سمیت آئی پی پیز سے مذاکرات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں میں متفقہ تبدیلیوں کے بارے میں کہا کہ قیمت میں کمی سے گردشی قرضہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر سے ملکی معاشی شرح نمو متاثر ہو رہی ہے اور شعبہ کی فوری اوور ہالنگ و اصلاحات کا عمل صارفین پر دباﺅ کم کرنے کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ کے حوالہ سے قبل ازیں منظور کئے گئے روڈ میپ پر جلد از جلد عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے وزیر توانائی کو بھی ہدایت کی کہ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے دوران حاصل ہونے والی بڑی کامیابیوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے اور گھریلو و کمرشل صارفین سمیت بجلی کے صافین کو اس حوالہ سے پہنچنے والے فائدہ سے آگاہ کیا جائے۔