وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس

71
APP65-26 ISLAMABAD: December 26 – Prime Minister Imran Khan chairs meeting of the Cabinet Committee on Energy at PM's Office. APP

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ وزارت پٹرولیم گیس چوری کے باعث نقصانات میں کمی سے متعلق تفصیلی منصوبہ پیش کرے‘ قابل تجدید توانائی سے متعلق پالیسی کو جنوری کے آخر تک حتمی شکل دی جائے‘ توانائی کے شعبے میں نظم و نسق کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے توانائی کی فراہمی میں تعطل سے بچنے کے لئے توانائی کے شعبے میں طلب اور رسد سے متعلق بروقت اور درست تخمینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی کے شعبے میں طلب او رسد کی صورتحال‘ آئندہ چھ ماہ کے لئے پٹرولیم اور توانائی ڈویژن کے منصوبوں‘ موجودہ توانائی مکس‘ مقامی اور امپورٹڈ گیس کی دستیابی اور فراہمی اور توانائی کے شعبے سے متعلق مختلف مسائل پر پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں موسم سرما کے دوران سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس مینجمنٹ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا کہ اچانک درجہ حرارت کم ہونے اور گیس کی طلب میں اضافہ ہونے کے باوجود گھریلو‘ کمرشل صارفین اور زیرو ریٹڈ انڈسٹریز کو حالیہ موسم کے دوران گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ سی این جی اور عام صنعتوں کے کیپٹو پاور پلانٹس کے لئے گیس لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔