اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ریگولیٹری اتھارٹیوں کے مؤثر کردار پر زوردیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مافیاز کے گٹھ جوڑ پر نظررکھیں، اپنے متعلقہ شعبوں میں خدمات اور معیار کو بہتر بنائیں۔
جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ریگولیٹری اتھارٹیوں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ریگولیٹرز کا کلیدی کردار ہے، ریگولیٹرز مؤثر مانیٹرنگ،قانونی اور ریگولیٹری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں۔
وزیراعظم نے مافیاز کے گٹھ جوڑ پر نظر رکھنے کیلئے ریگولیٹری اتھارٹیوں کے مؤثر کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام ریگولیٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنا متعلقہ شعبہ میں شفافیت اور معیاری خدمات کو یقینی بنائیں۔
ریگولیٹری اتھارٹیوں کے سربراہان نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ اپنی متعلقہ اتھارٹیوں کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔