وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت "قومی انٹلیجنس رابطہ کمیٹی” کا خصوصی اجلاس ، انٹیلیجنس تعاون بڑھانے سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی

163

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت "قومی انٹلیجنس رابطہ کمیٹی” کا خصوصی اجلاس بدھ کو انٹر سروسز انٹیلیجنس سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کا انٹیلیجنس سیکرٹریٹ آمد پر استقبال کیا۔

حال ہی میں قائم کردہ قومی انٹیلیجنس رابطہ کمیٹی ،قومی انٹییلیجنس کے مشترکہ جائزے کے لئے انٹیلیجنس رابطے و تعاون کا پلیٹ فارم ہے جس کاحکومت پاکستان نے رواں سال 22 جنوری کو نوٹیفکیشن کیا تھا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید احمد ، وفاقی وزیر برائے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری ، سروسز کے انٹلیجنس اداروں ، انٹیلیجنس بیورو اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا کو انٹیلیجنس تعاون بڑھانے سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی اور اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے قومی انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہااور کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔