اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے دوران وباء پر قابو پانے کے اقدامات اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے درمیان توازن یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کوویڈ 19 سے متعلق تمام شراکت داروں کی مشاورت سے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ وہ منگل کو یہاں قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ-19 کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزراء اعلیٰ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال، پھیلاؤ کے نئے رحجان اور مثبت کیسز کے تناسب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کوویڈ 19 اور عوامی صحت و حفاظت کے ضمن میں این سی او سی اور تمام شراکت داروں کی کوششوں کو سراہا۔ اجلاس میں قومی رابطہ کمیٹی نے این سی او سی کی جانب سے ماسک لازمی پہننے، مارکیٹس، ریسٹورنٹس، شادی ہالوں کے اوقات کار میں کمی اور سمارٹ لاک ڈائون کے نفاذ کے حوالے سے اعلان کردہ اقدامات کی توثیق کی۔ وزیراعظم نے تمام شراکت داروں کو کورونا کے دوران وباء پر قابو پانے کے لئے اقدامات اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے درمیان توازن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کوویڈ 19 کے کیسز بڑھنے کی صورت میں ہسپتالوں میں طبی سہولیات اور بالخصوص انتہائی نگہداشت کے آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے این سی او سی کو ہدایت کی کہ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے اور ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔\