
اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) قومی سلامتی کمیٹی نے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی میں مضمر ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران ملک کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے شرکاءکو اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں آگاہ کیا۔