وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت محصولات جمع کرنے اور ٹیکس بیس میں اضافہ سے متعلق اجلاس

110
APP96-12 ISLAMABAD: March 12 - Prime Minister Imran Khan chairs briefing on Revenue Generation at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے موجودہ ٹیکس نظام کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے پائیدار معاشی ترقی کے حصول کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے علاوہ اصلاحات پر زور دیا ہے۔ منگل کو محصولات جمع کرنے اور ٹیکس بیس میں اضافہ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے موجودہ اعداد و شمار اور نظام قومی معیشت کی کسی صورت مدد نہیں کر سکتا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نادرا، سیّد جاوید عبداﷲ یوسف، ڈاکٹر اکرام الحق، رشید خان مسعود نقوی، عابد شعبان اور اشفاق تولہ سمیت ممتاز ٹیکس دہندگان اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں جدید بنیادوں پر ٹیکس جمع کرنے، ٹیکنالوجی کے استعمال، ایف بی آر میں اصلاحات، محصولات اور ٹیکس بیس میں اضافہ کے حوالہ سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ نظام میں غریب اپنی استعداد کار سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ تھا۔ انہوں نے ٹیکسیشن نظام پر ٹیکس دہندگان کے اعتماد کی بحالی کیلئے ایف بی آر کی اصلاحات کی حمایت کی۔