وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

89
APP57-09 ISLAMABAD: January 09 - Prime Minister Imran Khan chairs meeting on "Ease of doing Business" at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کے حوالہ سے وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس سلسلہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور سرمایہ کاروں کو کاروبار کیلئے سہولت فراہم کی جا سکے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں کاروبار کو آسان بنانے کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے بدھ کو وزیراعظم آفس میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے مشیر عشرت حسین، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی اور سینئر حکام شریک تھے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے وزیراعظم کو کاروبار کو آسان بنانے کے حوالہ سے مختلف اشاریوں پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ٹیکس ادائیگیوں کی تعداد کے معاملہ پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس تعداد کو 47 سے کم کرکے 21 پر لایا گیا ہے، سندھ اور پنجاب میں سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن کی ای۔پیمنٹس متعارف کرانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے بتایا کہ وی اے ٹی ریفنڈز کا نیا نظام 31 مارچ تک متعارف کرا دیا جائے گا جس سے ریفنڈ کے حصول کے عرصہ میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین نے بتایا کہ فزیکل آڈٹس کی تعداد کو کم کرنے کیلئے رسک مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ کاروبار شروع کرنے کو آسان بنانے کے حوالہ سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ایس ای سی پی کو صوبائی پورٹلز اور ای او بی آئی کے ساتھ مربوط بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے تاہم سندھ میں پورٹل کے افتتاح کا کام تیز کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بجلی کی فراہمی کو آسان بنانے کے حوالہ سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بجلی کی فراہمی کے سلسلہ میں سہولت پیدا کرنے اور اس بارے میں معلومات کی بروقت فراہمی کے حوالہ سے نمایاں پیشرفت کی گئی ہے۔