وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں خریف کی فصلوں سے متعلق اجلاس

120

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکاری کے شعبہ میں بہتر تکنیک اپنا کر فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، بیجوں اور کھادوں کے بہتر معیار کی پیداوار کیلئے تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بدھ کو ملک میں خریف کی فصلوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی سیّد فخر امام، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

صوبائی وزراء زراعت پنجاب، سندھ، کے پی اور بلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ خریف کی فصلوں میں کپاس، چاول، مکئی اور گنا ملک میں کاشت کی جانے والی بڑی فصلیں ہیں، حکومت کی زراعت دوست پالیسیوں کی وجہ سے ان تمام فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اچھے معیار کے بیجوں اور کیڑے مار ادویات، مؤثر تحقیق و ترقی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھاری سرمایہ کاری کرکے ملک میں زرعی شعبہ کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔