وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

127

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری ملازم نوکری سے نہیں نکالا جائے، شوگر ملز کے مسائل کے حل کے عمل کے دوران گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ وہ جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ٹیکس پالیسی کو ریونیو ایڈمنسٹریشن سے الگ کیا جائے گا اس سلسلے میں قانونی اور تکنیکی معاملات طے کرنے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔کابینہ نے مالیاتی خسارہ پر قابو پانے اور اخراجات و محصولات کو بجٹ تخمینوں کے اندر رکھنے کے لئے سخت مالیاتی ڈسپلن برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا ۔اجلاس نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی مالیاتی مشکلات بالخصوص ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنوں کے حصول میں درپیشن مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ادارے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 400ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ۔