اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان آئی لینڈز اور راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر، چیئرمین پاکستان آئی لینڈز ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی پریذیڈنٹ بنک آف پنجاب لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق چیئرمین پاکستان آئی لینڈز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت ماحولیاتی تحفظ اور سماجی زمہ داری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ماحولیات کے بین الاقوامی اداروں بشمول انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے اور اتھارٹی نے یو ایس گرین بلڈنگ کونسل سے توانائی و ماحولیاتی ڈیزائن میں لیڈرشپ سے متعلق سلور ریٹنگ بھی حاصل کی ہے۔ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)کے طور پر مقامی ماہی گیروں کی فلاحی سکیموں کے لئے ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی لینڈز کی ترقی کا منصوبہ ماحول دوست ہو گا۔ اجلاس کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے منصوبے کی قانونی ضروریات، سرمایہ کاری اور تعمیرات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں کے مقامات پر قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں تعمیراتی کام شروع کرنے سے پہلے انوائرمنٹل سٹڈیز کا لازمی اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں ترقیاتی کاموں سے ملک میں بھاری سرمایہ کاری آئے گی اور مقامی لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی متعلقہ صوبوں میں عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔