اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق بریفنگ اجلاس پیر کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں تحصیل اور دیہی سطح پر منتخب نمائندوں کو با اختیار بنانے، مقامی سطح پر انتظامی ڈھانچے کو فعال بنانے، مالیات کی وصولی، صحت، تعلیم، پانی و نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسی دیگر سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیرِ قانون محمد بشارت راجہ، وزیر برائے ہاو¿سنگ محمود الرشید، وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب، صوبائی محکموں کے متعلقہ سیکرٹریز و دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نئے مقامی حکومتوں کے نظام میں اختیارات کی نچلی سطح تک بامعنی منتقلی اور عوامی نمائندگان کو صحیح معنوں میں با اختیار بنا کر بہتر اور پائیدار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا ہے، نئے مقامی حکومتوں کے نظام کا مقصد نظام حکومت کو شفاف بنانا اور ہر سطح پر کارکردگی کو پرکھنے کے لئے واضح معیار مقرر کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نئے مقامی نظام میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اختیارات تحصیل اور دیہی سطح پر منتقل کیے جائیں تاکہ جہاں ذمہ داری تفویض کی جائے وہاں مناسب اختیارات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے اور اس طرح تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں سے متعلق عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کئے جا سکیں۔ نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں نہ صرف شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ اس بات کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ ترقیاتی فنڈز کی ترسیل و منتقلی کو صوبائی سطح سے تحصیل اور دیہی علاقوں تک یقینی بنایا جائے۔ نئے نظام کے تحت مقامی حکومتوں کی استعداد کار بڑھا کر میونسپل قوانین پر عمل درآمد کو موثر بنایا جائے گا۔ مقامی حکومتوں کے نئے نظام میں جرائم کی روک تھام کے لئے واضح اور مربوط طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا جس کے تحت پولیس اور عوام میں بہتر رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ نئے نظام کے قیام کے لئے مجوزہ قوانین تیار کیے جا چکے ہیں جو کہ بہت جلد منظوری کے لئے صوبائی مقننہ میں پیش کر دیئے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم کو پنچائتی اور مقامی حکومتوں کے انتخابات کے ضمن میں مجوزہ ٹائم فریم سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے والد مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی ادا کی گئی۔