اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ ٹولہ تیتر بٹیر کی دعوتیں اڑاتا پھر رہاہے ،عمران خان کی وجہ سے ان کی ملاقاتیں ہورہی ہیں، کبھی ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات ہوتی رہی، ان کا کیا مشترکہ ایجنڈا ہے، پاکستان یا عوام کے مفاد کے لئے اس میں کچھ ہے؟ او آئی سی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے،
ایسے موقع پر لانگ مارچ کی بات کرنے والے بتائیں انھیں ذاتی سلامتی یا ملکی سلامتی عزیز ہے، ہمیں لانگ مارچ، احتجاج سے کوئی خوف نہیں ہے، ساڑھے سات ارب کا شہباز شریف کا نیب کے پاس جبکہ 16ارب کا ایف آئی اے میں شبہاز کا کیس چل رہا ہے،اپنی ساڑھے تین سالہ کارکردگی عوام کے سامنے لے کر جارہے ہیں، سی ای سی نے وزیراعظم کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں تمام صدور نے اپنی کارکردگی کی رپورٹس پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے لئے پارٹی صدور کو 15 دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، پارٹی کا مستقل پارلیمانی بورڈ بنا دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے عوامی رابطے مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنوں کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عوام میں آ کر حکومت کی کارکرردگی اور ترجیحات شیئر کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے سیاسی جدوجہد میں بڑے بڑے عوامی اجتماعات کئے ہیں، اضلاع کی سطح پر پارٹی ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 9 فروری کو وزیراعظم فیصل آباد کا دورہ کریں جہاں وہ ہیلتھ کارڈ کا آغاز کریں جس سے ضرورت مند مریض اپنا علاج معالجہ کرا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرایا جاسکے گا جس کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی، پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک پنجاب کی 100فیصد آبادی صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوگی، حکومت پنجاب نے 450 ارب اس منصوبے کے لئے رکھے ہیں، سی ای سی نے وزیراعظم کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ملکی سلامتی کی بات ہوتو بغض اور حسد نہیں ہونا چاہیے، جو کہتے تھے کہ سی پیک منصوبہ سست ہوا ہے، انہیں بری طرح ناکامی ہوئی ہے، اس دورے سے پاک چین تعلقات مزید بہتر ہونگے، براہ راست سرمایہ کاری آئے گی، براہ راست فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کبھی ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات ہوتی تھیں، آج وہ ملاقاتیں کرتے اور دعوتیں اڑاتے دکھائی دے رہے ہیں، ان سب کا مشترکہ ایجنڈا ہے جس میں پاکستان یا عوام کے مفاد کے لئے کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس ہونے جارہا ہے، ایسے موقع پر لانگ مارچ بات کرنے والے بتائیں اپنی ذاتی سلامتی عزیز ہے یا ملکی سلامتی عزیز ہے، ہمیں لانگ مارچ، احتجاج سے کوئی خوف نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے سات ارب کا شہباز شریف کا نیب کے پاس جبکہ 16ارب کا ایف آئی اے میں شہباز کا کیس چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم لاہور سے ٹائیں ٹائیں فش فش ہوگئی تھی، اپنی ساڑھے تین سالہ کارکردگی عوام کے سامنے لیکر جارہے ہیں۔