وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے ریجنل اکنامک گروتھ سٹرٹیجی پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

100

لاہور۔13دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں صنعتی ترقی کیلئے وفاقی و صوبائی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، حکومت ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروبار کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، اہم منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے ان پر کام کو مزید تیز کیا جائے، گوجرانوالہ میں ریجنل اکنامک گروتھ سٹرٹیجی پر عمل کے بعد اس کی طرح باقی صنعتی شہروں کو بھی ترقی دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے ریجنل اکنامک گروتھ سٹرٹیجی پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء چوہدری فواد حسین، شفقت محمود، وزیرِ مملکت فرخ حبیب، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء مخدوم ہاشم جواں بخت، میاں اسلم اقبال، مشیرِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ اور متعلقہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پلان کے تحت گوجرانوالہ کو بین الاقوامی سطح کا پروڈکشن ہب بنانے کیلئے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، منصوبہ کے تحت زراعت، صنعت اور سروسز کے شعبوں میں حکومتی اقدامات میں تیزی اور سرمایہ کاری بڑھائی جا رہی ہے۔

اہم صنعتوں کو شاہراہوں سے جوڑنے، کسانوں کی پیداوار کی منڈیوں تک رسائی، جنگلات، مچھلی فارمنگ اور انفراسٹرکچر کی بہتری پلان کا حصہ ہیں، سپیشل ٹینری زون کو فعال کرکے چمڑے کی صنعتوں کو منتقل کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، چھوٹے پیمانے کی صنعت کیلئے زون کو بھی فعال کیا جا رہا ہے جس کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔