وزیراعظم عمران خان کی سیاست ٹھوس اصولوں پر کاربند ہے، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

64

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خلاف 23 سال جدوجہد کی ہے، وزیراعظم عمران خان کی سیاست ٹھوس اصولوں پر کاربند ہے، وزیر اعظم عمران خان احتساب کے عمل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت کو بلیک میل نہیں کر سکتا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، حکومت صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بھی موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عام آدمی کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے عام آدمی کو صحت کے حوالے سے معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ہے۔