وزیراعظم عمران خان کی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات

102

بیجنگ ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کی اور دوطرفہ علاقائی اور عالمی امور پر دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی نبی بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم اتحادی اور مضبوط شراکت دار اور آئرن برادر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین نے پاکستان کے بنیادی قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور پاکستان کی اقتصادی و قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کا بنیادی حصہ ہے اور یہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطے اور خوشحالی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے چین کے بنیادی مفاد کے تمام معاملات پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا عزم بھی دوہرایا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نے کشمیریوں کی مشکلات کے خاتمے اور علاقے میں امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے بچنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو فوری طور پر اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے تمام معاملات پر چین کی طرف سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حکومت کے ایجنڈے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ چین کی شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط اور لافانی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلق مستقبل میں مزید گہرا اور وسیع ہوگا۔ صدر شی جن پنگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے قومی و علاقائی اقتصادی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ صدر شی جن پنگ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی طرف بھرپور طریقے سے بڑھ رہا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پرامن اور مضبوط افغانستان سے اقتصادی ترقی اور علاقے میں رابطے کو فروغ ملے گا اور افغانستان میں امن اور مصالحت کے لئے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر الطرفہ فورم پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان تذویراتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ہر سطح پر تذویراتی رابطے کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔