وزیراعظم عمران خان کی فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم ”میڈف“ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

157

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، سیاحت، صنعت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات فرانسیسی کاروباری افراد کی تنظیم ”میڈف“ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ میڈف فرانسیسی کاروباری افراد کی سب سے بڑی تنظیم ہے جس کے ارکان کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زیادہ ہے۔ وفد نے مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے فرانسیسی کاروباری شخصیات کی طرف سے دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ملک میں سرمایہ کاری مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زراعت، مذہبی سیاحت، ساحلی سیاحت، پہاڑی علاقوں کی سیاحت، صنعت، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے موجود مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ملک میں کاروبار میں آسانی اور بہتری کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔