وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے بہتر سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری کا واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے شروع کی گئی ویب سیریز سے خطاب

107

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل اور نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ (این ٹی سی بی) کے چیئرمین سید ذوالفقار عباس بخاری نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی جانب غیر ملکیوں سمیت پاکستانی باشندوں کو راغب کرنے کے لئے ورچوئل ٹوور دینے سے متعلق شروع کی گئی ویب کاسٹ سیریز میں شرکت کی اور پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں موجود امکانات کو اجاگر کیا۔ ویب کاسٹ سیریز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شرکاءکو پاکستان میں سیاحت کے شعبہ میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے ویزے کے عمل کو آسان بنانے سے لے کر بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری تک ایک بہتر سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق امریکہ کی سیاحتی صنعت میں پاکستان کے سیاحت کے امکانات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانہ نے پاکستان کے ورچوئل ٹورر پر مبنی اپنی نوعیت کی پہلی ویب کاسٹ سیریز کا آغاز کیا ہے۔ ذوالفقار بخاری نے کہا کہ پاکستان میں نہ صرف ان لوگوں کے لئے جو دنیا کو دریافت کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ سرمایہ کاری کے امکانات کی تلاش کرنے والے افراد کے لئے بھی بہت سے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دی ہے جس میں جدید سہولیات سے آراستہ 35 ہوٹلز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانچ نئے سکائی ریزارٹس بھی شامل ہیں۔ واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستان کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کے لئے جنت نظیر ہے جس میں خوبصورت پہاڑ، ندیاں اور جھیلوں کے ساتھ خوبصورت ہنزہ ویلی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاہور، پشاور، ملتان، ٹیکسلا، ہڑپہ اور موئنجو داڑو جیسے تاریخی اور ثقافتی مقامات، سائٹس اور شہروں پر مشتمل ایک بہت بڑا ورثہ ہے۔ انہوں نے امریکی باشندوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی خوبصورتی دریافت کرنے کے لئے پاکستان کا دورہ کریں۔ امریکی صحافی، اینکر، اور ایمی ایوارڈ یافتہ امریکی ٹیلی ویژن کی شخصیت بیتھ ٹراٹ مین نے اپنی دستاویزی فلم کے ساتھ پاکستان کے یادگار سفر پر مشتمل اپنی کہانی بھی پیش کی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی محبت اور حسن سلوک کے بارے میں اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایک متمول تاریخ، قیمتی ورثہ، خوبصورت مناظر اور منفرد ثقافتی تنوع رکھنے والا امن پسند ملک ہے۔ جرمنی کے بلاگر کرسچین بیتز مان نے پاکستان کے بارے میں اپنے تجربات پیش کئے۔ انہوں نے کراچی میں کھانے، لاہور میں ثقافت، اسلام آباد میں جدت، شمال میں سکون اور خوبصورتی، ملتان میں فن تعمیر اور پشاور کے قدیم بازار پر روشنی ڈالی۔ فاطمہ علی جو کھانے پکانے کی ماہر ہیں، گزشتہ پانچ سال سے سرحد پار پاکستانی روائتی کھانوں کو فروغ دے رہی ہیں۔ انہوں نے شرکاءکو پاکستانی کھانوں سے متعارف کرایا۔ ویب کاسٹ سیریز میں امریکی سیاحتی صنعت کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ یہ ویب کاسٹ سیریز سفارت خانے کے آفیشل فیس بک پیج پر براہ راست نشر کی گئی۔ ویبینار میں پاکستان سمیت امریکہ بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔