وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے،حکومت تارکین وطن کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی اور انسانی وسائل ایوب آفریدی

92
وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے،حکومت تارکین وطن کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی اور انسانی وسائل ایوب آفریدی

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی اور انسانی وسائل ایوب آفریدی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی غیرملکی زرمبادلہ بھیج کر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے، حکومت تارکین وطن کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، چور لٹیرے وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،

اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وزیراعظم عمران خان 2023ءانتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورسز کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایوب آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اپوزیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کی مخالف تھی کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کا سو فیصد ووٹ عمران خان کے حق میں ہو گا، اوورسیز پاکستانی وزیراعطم عمران خان کے ساتھ ہیں اور اگلے انتخابات میں وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نڈر اور ایماندار لیڈر ہیں، وہ پاکستانیوں کو ایک خوددار قوم بنانا چاہتے ہیں، ان کی بیرون ملک جائیدادیں نہیں ہیں اسلئے انہوں نے ایبسولیوٹلی ناٹ کہا، قوم کو پہلی مرتبہ قائداعظم کے بعد وزیراعظم عمران خان کی صورت میں ایک اچھا لیڈر ملا ہے۔ ایوب آفریدی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے صرف پیسوں کی چوری نہیں کی بلکہ معاشرے کی اخلاقیات کو تباہ کیا،

وزیراعظم عمران خان قوم کی سپورٹ سے اس ملک کو وہ پاکستان بنائیں گے جو قائداعظم نے چھوڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد منصوبے اور اسکیمیں شروع کی گئی ہیں، بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے ملک کی ریڑھ کی ہڈی کیلئے سہولتیں فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب دنیا کے کونے کونے میں تمام اوورسیز پاکستانیوں کو وہ تمام ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی جن کے وہ مستحق ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں سبز پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اوورسیز پاکستانی انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم کے ذریعے ووٹ کے حق سے لطف اندوز ہوں گے اور ریاست کی قانون سازی کیلئے اپنی قیمتی تجاویز پیش کریں گے۔ ایوب آفریدی نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیز کنونشن سالانہ بنیادوں پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنائے گی تاکہ وقت کے ساتھ ساتھ تمام مسائل اور ان کی ضروریات کو حل کیا جا سکے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستان آفس ہر وقت کھلا ہے، آپ بلاجھجک آ کر اپنے مسائل بتائیں، ہم ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کریں گے۔