وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن،حکومت قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی، فاروق اعظم ملک

79

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فاروق اعظم ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے، حکومت قوم کے اعتماد پر پورا اترے گی،بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جارحیت سے روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار اداکرے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف کی قیادت کو ملک مشکل حالات میں گھرا ہوا ملاتھا لیکن وزیراعظم عمران خان کی لیڈر شپ نے اس کے باوجود ملک درست سمت پر ڈال دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق اعظم ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے بھارت کے ظلم کے جواب میں قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کردی ہے، اب کوئی طاقت کشمیریوں کو آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جارحیت سے روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار اداکرے۔