وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے,کورونا وبا کے دوران میڈیکل عملے نے فرنٹ لائن سپاہی کا کردار ادا کیا ۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب کی سول ہسپتال کے دورہ پر میڈیا سے بات چیت

72
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب

فیصل آباد۔ 8 اگست (اے پی پی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے،کورونا وبا کے دوران میڈیکل عملے نے فرنٹ لائن سپاہی کا کردار ادا کیا ،ڈاکٹرز نرسز اور میڈیکل عملے کی کورونا سے لڑتے شہادتیں بھی ہوئیں ،میڈیکل عملے کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اپوزیشن والے حکومت کو قومی مفاد پربلیک میل کرکے این آر او پلس مانگ رہے ہیں،شہباز شریف کو اسمبلی اس دن یاد آتی ہے جب پروڈکشن آرڈرز چاہیے ہوتا ہے ،سندھ حکومت جو تیس سالوں میں کام نہیں کر سکی وہ تین دن میں وفاقی حکومت کے اداروں نے کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوسول ہسپتال فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران میڈیکل عملے نے فرنٹ لائن سپاہی کا کردار ادا کیا ،ڈاکٹرز نرسز اور میڈیکل عملے کی کورونا سے لڑتے شہادتیں بھی ہوئیں جس پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل عملے کو سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک زندہ قوم ہیں ہم اپنے ہیروز کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران میڈیا کا کردار بھی قابل ستائش رہا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر کے مختلف ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا اس سلسلہ میں گزشتہ روز فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی سے وزیراعظم کی ملاقات بھی ہوئی ہے جنہوں ہسپتالوں کی اپ گریڈ یشن سمیت اپنے حلقوں میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو ا گاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کاکام صرف پوائنٹ سکورنگ اور حکومت کو بلیک میل کرنا ہے ، اپوزیشن والے این آر او پلس مانگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اسمبلی اس دن یاد آتی ہے جب پروڈکشن آرڈرز چاہیے ہوتا ہے ،ن لیگ کس منہ سے کشمیر کی بات کرتے ہیں وہ اپنے گریبان میں جھانکیں،شہباز شریف کو عمران خان کی وجہ سے کشمیر یاد آیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کو کوئی بیماری نہیں بہانہ کر رہے ہیں انہوں نے اپنے دوراقتدار میں ملک میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنوایا جہاں ان کا اپنا علاج ہوسکے ان کی ترجیحات صرف اثاثے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پرچی چیئرمین بلاول کی حکومت ہے،سندھ حکومت جو تیس سالوں میں کام نہیں کر سکی وہ تین دن میں وفاقی حکومت کے اداروں نے کر دیکھا یا۔انہوں نے کہا کہ عمران کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کہ بھارت اور وزیراعظم مودی دنیا میں رسوا ہو رہا ہے ،ہندو انتہا پسند سوچ اور مودی کی پالیسوں کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت میں تنقید ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں معمول پر آنے سے ملکی معیشت کا پہیہ تیز ہوگا اور عام آدمی کی مشکلات میں کمی واقع ہوگی۔ اس موقع پر ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر آصف حمید سلیمی ،اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر غلام سرور ،ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد علی مرزا اور مختلف شعبہ جات کے سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔قبل ازیں میاں فرخ حبیب نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔