وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسیوں کی مرہون منت ہیں،خسرو بختیار

64

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں بڑھتی معاشی سرگرمیاں کامیاب اقتصادی پالیسیوں کی مرہون منت ہیں، دنیا بھر میں معاشی سست روی کے باوجود ، پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور 3.4 فی صد شرح نمو حاصل کیا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں کہا ہےکہ کورونا وبا کے دوران حکومتی پیکجز کی وجہ سے ملکی معیشت کی شرح ترقی حوصلہ افزا ہے ۔امید ہے کہ ملکی مجموعی پیداوار کی 4 فیصد شرح حاصل کر لی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مال سال کےپہلے 9 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں میں ترقی کی شرح 9 فیصد رہی جو صنعتی شعبے میں مجموعی طور پر ترقی کا باعث بنا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 23 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شرح نمو میں میں اضافے اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہونے پر رواں ‏سال فی کس آمدنی میں 13.4فیصدنمایاں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ فی کس آمدنی 1361 ‏ڈالر سے بڑھ کر 1543 ڈالر ہو گئی۔

معاشی پیداوارمیں اضافہ روپےکی بڑھتی قدربڑی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی مجموعی پیداوار 236 ارب ڈالر سے بڑھ کر296ارب ڈالر ہو گئی جو 33ارب ڈالر زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر 24.2 ارب ارب ڈالر ، برآمدات میں 20.9 ارب ڈالر 13 فی صد نمایاں طور پر بہتر ی آ ئی ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت پیکیج کی وجہ سے ، ملک نے اب تک سب سے زیادہ گندم اور گنے کی پیداوار کی ، جس سے دیہی علاقوں میں رہائشی لاگت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سال 8.4 فیصد اضافے کے بعد ، تعمیراتی شعبے میں تیزی کے بعد آئندہ مالی سال 5 فیصدمعاشی نمو کی شرح حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ صنعتی شعبہ معاشی نمو کی قیادت کرتا رہے گا۔