وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ کے اراکین اور پارلیمنٹرینز سب ملکر کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا اجلاس سے خطاب

136

اسلام آباد ۔ 6مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ہمارے چاروں ہمسایہ ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز موجود ہیں’وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنارہی ہے’ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ کے اراکین اور پارلیمنٹرینز سب ملکر کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں۔جمعہ کو ڈاکٹر ظفر مرزاکی زیر صدارت بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید توقیر شاہ ‘ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت ‘عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پلیتھا ماہی پالا نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں 21 بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلیے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے چاروں ہمسایہ ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز موجود ہیں’ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنارہی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کابینہ اور پارلیمان کے اراکین سب ملکر کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک بھر میں ڈی ایس آر یو کے نظام کو تمام اضلاع میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان میں ابھی تک چھ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بر وقت ضروری اقدامات کو یقینی بنایا ہے’ عالمی اداروں کے نمائندوں نے پاکستان کے اقدامات اور انتظامات کو سراہا ہے جبکہ بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔