اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے جو علاقے کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیر اہتمام لیڈر شپ اینڈ سیکیورٹی کے بارے میں منعقدہ بین الاقوامی ورکشاپ کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شرکاءمیں تارکین وطن، کاروباری شخصیات اور بیرون ممالک سے رہنماءشامل تھے، جنہوں نے وزیراعظم کے ساتھ بلا تکلف گفتگو کی اور قومی، بین الاقوامی اور علاقائی امور کے بارے میں سوالات کئے۔ وزیراعظم نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں ملک کی بھرپور صلاحیت اور نوجوانوں کی بڑی آبادی پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے قومی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کی۔ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے جو خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بڑا چیلنج غربت ہے جس پر اسی صورت قابو پایا جا سکتا ہے اگر ہم مل کر کوششیں کریں اور خطے میں وسیع تر تجارت اور اقتصادی سرگرمی کو فروغ دیں۔