مظفر آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کشمیری رہنماﺅں کو یقین دلایا کہ اس مشکل ترین وقت میں حکومت پاکستان اور پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑ ی ہے، پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد میں آزاد جموں کشمیر اور حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سے ملاقات کے دوران کیا۔ کشمیری رہنماﺅں نے وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان کا یوم آزادی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے اور مظفر آباد آنے پر شکریہ ادا کیا۔ کشمیری رہنماﺅں نے وزیر آعظم کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے ظلم و ستم کی وہ انتہا کر دی ہے جس کی مہذب دنیا میں آج تک کوئی مثال نہیں ملتی۔ شہریوں کو محصور کر لیا گیا ہے اور روابط کے تمام راستے بشمول ٹیلیفون اور انٹرنیٹ منقطع کر دیے گئے ہیں۔