وزیراعظم عمران خان کی ملا ئیشیا کے ”ایڈکٹو” گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین داتک عزت کمال الدین سے گفتگو

144
APP55-01 ISLAMABAD: February 01 – A delegation of Edotco Group Malaysia led by Chairman Board of Directors Edotco Group Mr. Datuk Azzat Kamaluddin call on Prime Minister Imran Khan. High Commissioner of Malaysia to Pakistan Mr. Ikram Mohammad Ibrahim is also present. APP

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولیات اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ملائیشیا کے ”ایڈکٹو” گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین داتک عزت کمال الدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے جمعہ کو وفد کے ہمراہ یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں بورڈ کے چیئر رکن نائیک راملا نائیک محمود، سی ای او سریش نارائن سنگھ سدھو اور کنٹری ایم ڈی عارف حسین شامل تھے۔ ملاقات میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم بھی موجود تھے۔ داتک عزت کمال الدین نے وزیراعظم کو بتایا کہ ایڈکٹو گروپ 100 ملین ڈالر کی موجودہ سرمایہ کاری کو ٹیلی کام کے شعبہ میں ٹاور انفراسٹرکچر میں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کا منصوبہ رکھتا ہے، گروپ آئندہ 5 برسوں میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے اضافہ کا خواہاں ہے۔ چیئرمین ایڈکٹو گروپ ملائیشیا نے وزیراعظم عمران خان کے وژن اور موجودہ حکومت کی اختیار کردہ پالیسیوں کو سراہا جن سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈکٹو گروپ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام میں شراکت دار بننا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کو پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے ہرممکن سہولت دی جائے گی۔ وزیراعظم نے موجودہ حکومت کی طرف سے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ احمد نواز سکھیرا بھی موجود تھے۔