
اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماہی پروری سمیت زراعت کے تمام شعبوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت ماہی پروری سے وابستہ افراد کی سہولت کے لئے ہر ممکنہ اقدام اٹھائے گی تاکہ اس شعبے میں موجود صلاحیت سے استفادہ کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ملک میں ماہی پروری کے فروغ پر بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم کو ملک میں ماہی پروری کی موجودہ صورتحال اور اس شعبے میں موجود بے انتہا صلاحیت پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں اس شعبے کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے ماہی گیری کے شعبے میں اربوں روپے کے زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت سے استفادہ نہیں کیا جاسکا۔ شرمپ فارمنگ، کیج کلچر اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹراو¿ٹ فارمنگ کے فروغ سے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس کم خرچ ذریعے سے لوگوں کو منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم آئیں گے۔