وزیراعظم عمران خان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن سے ملاقات

115

نیویارک ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مارچ 2019ءمیں کرائسٹ چرچ پر دہشت گرد حملوں کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام اور اس کا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے حوالے ےس آگاہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی بحران کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے خطے میں امن و سلامتی کے خطرے سے بچنے اور تنازعہ کشمیر کے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل، پچاس روز سے جاری کرفیو اور دیگر پابندیاں فوری طور پر اٹھانے اور کشمیریوں کے حقوق کا احترام یقینی بنانے پر زور دیا۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور باہمی معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے اطمینان ظاہر کیا کہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی کمیونٹی سماجی و معاشی شعبوں میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔