وزیراعظم عمران خان کی نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت

97

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو نیوزی لینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈرن کو ٹیلی فون کیا اور کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور صورتحال سے احسن انداز میں نبرد آزما ہونے کی تعریف کی۔ انہوں نے مقامی حکام کے فوری ردعمل اور وزیراعظم کی طرف سے مسلمانوں کے لئے بھرپور احترام کے جذبے کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور عالمی انتہا پسندی کے تناظر میں دیگر عالمی رہنماﺅں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی طرف سے ان کے جذبہ ہمدردی، قیادت اور فیصلوں پر شکریہ ادا کیا، جس نے پاکستان میں لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ وزیراعظم نے 50 قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور 70 ہزار سے زائد بے گناہ جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ اس واقعہ کے بعد صدمے میں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو حملے کے بعد کئے گئے فوری فیصلوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن میں فوجی طرز کی نیم خودکار اور خود کار بندقوں اور رائفلز پر پابندی عائد کرنا شامل ہے۔ انہوں نے حملے میں پاکستانیوں کی قربانیوں بالخصوص نعیم راشد کی جرا¿ت و بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ نیوزی لینڈ مسلم برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں آزادی اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔