اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات پر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کرپاکستان سیٹزن پورٹل، کامیاب جوان پروگرام جیسے اقدامات کے ذریعے معاشرے کے ہر طبقے کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، عوامی خدمت کے ان اقدامات سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے ختم ہوگئے ہیں ، شہری گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کراتے ہیں جو وزیراعظم آفس سے متعلقہ اداروں کو جاتی ہے ، کامیاب جوان پروگرام، سیٹزن پورٹل جیسے عوامی خدمت کے منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں پاکستان سیٹزن پورٹل کی ہیلپ لائن کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے بٹن دبا کر پاکستان سیٹزن پورٹل کی ہیلپ لائن 051-9000111 کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ پاکستان سٹیزن پورٹل کے حکام نے وفاقی وزیر کو اب تک پورٹل کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے والے افراد کی تعداد، شکایات اور ازالے سے متعلق امور کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان سیٹزن پورٹل کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے جس کی بدولت لاکھوں افراد نے اس پورٹل کے ذریعے اپنی شکایات کا اندارج کیا ہے اس پر سیٹزن پورٹل کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ عوام کی جانب سے حکومتی اداروں کے حوالے سے شکایات کو ترجیجی بنیادوں پر حل کیا جائے ، جو لوگ معاشی وجوہات یا مختلف رکاوٹوں کی وجہ سے اداروں میں جاکر شکایات کااندراج نہیں کراسکتے ان کے لئے یہ بہترین فورم ہے کہ گھر بیٹھے ہوئے شکایات کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 29لاکھ افراد پاکستان سیٹزن پورٹل کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں ، 25لاکھ درج ہونے والی شکایات میں سے 24لاکھ شکایات کا ازالہ ہوچکا ہے جبکہ حل شدہ شکایات میں سے 5لاکھ 66ہزار افراد کا فیڈ بیک لیا گیا جس میں ان لوگوں نے تصدیق کی ہے کہ انکی شکایات پر بروقت کارروائی ہوئی اور وہ لوگ 100فیصد مطمئین ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں شہری حکومتی اداروں سے متعلق شکایت پاکستان سیٹزن پورٹل پر درج کراتے ہیں تو وہ شکایت وزیراعظم آفس سے متعلقہ ادارے تک جاتی ہے اور ازالے کے بعد نمٹائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیٹزن پورٹل پر درج شکایات ،ازالہ کی شرح سمیت دیگر تمام امور کے حوالے سے یومیہ کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا جاتا ہے ، وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیٹزن پورٹل پر فنگر پرنٹس کے مسئلے، کسی بھی قسم کی معذوری سمیت ہر طبقے کی رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔