وزیراعظم عمران خان کی ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقات کے دوران گفتگو

96

اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، ٹیکس کے نظام کو وسعت دینا، مقامی وسائل کو بروئے کار لانا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب اور مالیاتی اصلاحات کا ایجنڈا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کی بہبود، غربت کا خاتمہ ہے اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں اقتصادی ترقی ممکن ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ بنک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس کا یہاں خیرمقدم کیا۔ جنوب ایشیائی خطہ کے نائب صدر ہرٹ وگ شیفر، آئی ایف سی کی علاقائی نائب صدر مس سیلا پازر باسی اوگلو، مس سنیزنا ستولک جیکوویک اور ورلڈ بینک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلان گوان بھی صدر ورلڈ بینک کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی اور دیگر سینئر افسران شامل تھے۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے صدر کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی بینک کی پاکستان کیلئے مالیاتی اور تکنیکی معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے معیشت کے استحکام، شفافیت کو یقینی بنانے اور اچھے نظم و نسق، ادارہ جاتی اصلاحات، ٹیکس اصلاحات اور معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات کی سماجی اقتصادی ترقی کی جانب حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، ٹیکس کے نظام کو وسعت دینا، مقامی وسائل کو بروئے کار لانا، غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب اور مالیاتی اصلاحات کا ایجنڈا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ بینک کے صدر کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کا مقصد نوجوانوں کی بہبود، غربت کا خاتمہ ہے اور ہائوسنگ کے شعبہ کی ترقی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں اقتصادی ترقی ممکن ہو گی۔ ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے حکومت کے مختلف فلیگ شپ پروگراموں کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی۔ انہوں نے اقتصادی بحالی، اخراجات میں کمی، کفایت شعاری اور معیشت کے اہم ترین شعبوں میں اصلاحات کے آغاز کی حکومتی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اور داخلی مالیاتی چیلنجز کے باوجود اقتصادی اشاریوں میں خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے۔ بعد ازاں ایک رائونڈ ٹیبل کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں توانائی اور ملک کے ٹیکس نظام میں اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے اپنے افتتاحی کلمات میں حکومت کے مجموعی اصلاحاتی ایجنڈے اور اقتصادی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں کا احاطہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے گذشتہ ایک برس کے دوران حکومت کی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے معیشت کو درست سمت گامزن کرنے اور معاشی استحکام کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مالیاتی اور حسابات جاریہ کے خسارہ میں کمی، محصولات وصولی میں بہتری، اخراجات میں کمی اور شرح مبادلہ میں استحکام میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔ وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی ندیم بابر نے گردشی قرضوں سمیت توانائی کے شعبہ سے متعلقہ مسائل پر قابو پانے کی حکومت کی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ متبادل اور قابل تجدید توانائی کے وسائل پر زیادہ سے زیادہ انحصار بڑھانے کے ذریعے متنوع انرجی مکس کی جانب بڑھنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔