وزیراعظم عمران خان کی پاکستان میں سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والی صف اول کی 15 چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے وفد سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات نہ صرف باہمی اقتصادی تعاون میں تبدیل ہوں گے بلکہ پورے خطے میں نئے امکانات اور مواقع کی راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سی پیک اور دیگر منصوبوں …

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات نہ صرف باہمی اقتصادی تعاون میں تبدیل ہوں گے بلکہ پورے خطے میں نئے امکانات اور مواقع کی راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والی صف اول کی 15 چینی کمپنیوں کے نمائندوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چینی وفد میں پاور چائنہ، تھری گارجیس کارپوریشن، سی ایم ای سی، نیلم جہلم پاور پلانٹ پراجیکٹ، سی آر۔ نورینکو اورنج لائن پراجیکٹ، ہواوے، زونگ، پوسٹ قاسم پاور پلانٹ، چائنہ گیژوبا کارپوریشن، چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن، چائنہ ہاربر، مٹیاری‘ لاہور ٹرانسمیشن لائن پراجیکٹ، ہائیر اور دیگر کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر برائے بجلی عمر ایوب خان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، چیئرمین انرجی ٹاسک فورس ندیم بابر اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چینی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو منافع بخش کاروباری منصوبے شروع کرنے میں موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے میں تمام ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ چین کی قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کی منتظر ہے۔ انہوں نے چینی تاجروں کو سہولیات دینے اور ان کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر چینی قیادت اور تاجر برادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ چینی کمپنیاں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں حکومتی کوششوں میں شراکت داری جاری رکھیں گی۔

مزید خبریں