
اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے چین کو پاکستان کا گہرا دوست اور ایک مضبوط شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت آئی ہے، زرعی شعبہ کیلئے چین کی طرف سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد میں اضافہ کی ترجیحات کے ذریعے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو سی پیک منصوبہ کے حوالہ سے اب تک کی پیشرفت کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی آئندہ سطح پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری اور پاکستان سے زیادہ خریداری پر مرکوز ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی سماجی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرکے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبہ کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سی پیک منصوبہ کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گا۔ انہوں نے سی پیک کے تحت منصوبوں کی اہم پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت کے شعبہ میں ترجیحی بنیادوں پر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد میں اضافہ کو یقینی بنایا جائے جس سے پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں غربت کے خاتمہ میں براہ راست مدد ملے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد چینی سفیر یاﺅ جنگ نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیراعظم عمران خان سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی ہے۔ چینی قیادت تاجر برادری اور عوام وزیراعظم عمران خان کے وژن کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات متاثر کن ہیں، آسان کاروباری مواقع، گرین پاکستان اور معیشت کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے کیلئے بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں، برآمدات میں اضافہ کیلئے پاکستانی حکومت کی مو¿ثر کاوشیں جاری ہیں، پاکستان کے مضبوط شراکت دار کی حیثیت سے چین تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گا۔