وزیراعظم عمران خان کی پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی اور صوبائی پارٹی رہنمائوں سے ملاقات، عوام کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کرنے کی ہدایت

74

کراچی ۔9مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے ممبران اور پارٹی رہنمائوں کو عوام کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حکومت کی طرف سے مختلف سماجی اور اقتصادی منصوبوں کے بارے میں لوگوں کو زیادہ آگاہی فراہم کی جا سکے۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی اور صوبائی پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر نیا پاکستان پروگرام، نیشنل ہیلتھ کارڈ، احساس پروگرام کے تحت راشن رعایت اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان منصوبوں سے عوام کی مشکلات میں کمی آئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ روزگار کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی، کسانوں کو سستے نرخوں پر معیاری بیج، کیڑے مار ادویات، یوریا اور زرعی مداخل کی فراہمی، گھروں کی تعمیر کیلئے قرضہ جات، کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان قرضہ جات اور کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت کامیاب جوان پروگرام شروع کیا گیا ہے، یہ ایسے منصوبے ہیں جن کا عوام کو علم ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل کا اچھی طرح سے علم ہے، بین الاقوامی منڈیوں میں اشیاء کی بلند ترین قیمتوں اور درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے شہریوں کو بچانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام دوست اقدامات کے تحت پٹرولیم مصنوعات پر 10 روپے فی لٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، ان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کمپنیوں اور فری لانسرز کیلئے ٹیکس کی شرح میں 100 فیصد ٹیکس استثنیٰ، سٹارٹ اپس کیلئے کیپٹل گین ٹیکس سے 100 فیصد چھوٹ اور انہیں فارن کرنسی رکھنے کی اجازت جیسے اقدامات شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت آنے والے 2 برسوں میں آسان تجارتی قرضوں کیلئے 407 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، احساس پروگرام کے تحت ماہانہ مشاہرہ 12 ہزار روپے سے بڑھا کر 14 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 26 لاکھ وظائف کے اجراء کیلئے 38 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ہر گریجویٹ کو انٹرن شپ ماہانہ 30 ہزار روپے کا مشاہرہ دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ہدف پر مبنی سبسڈیز اور تجارت و کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے وسیع تر موقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے کارکنوں کو متحرک رکھیں۔