وزیراعظم عمران خان کی چینی کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

105

اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، سی پیک منصوبے کے تحت مختلف شعبوں میں طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کوچینی کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں 55 سے زائد مختلف چینی کمپنوں کے سربراہان شامل تھے۔ ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی ، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی و دیگر شریک تھے۔ پاکستان میں چین کے سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ یہ ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔