
اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ایک "نئے پاکستان” کے لئے اصلاحاتی سماجی و اقتصادی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے’ انسداد پولیو کو قومی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے طور پر جاری رکھیں گے اور ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ٹیڈ روس ایڈہینم گیبری اوسس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن کے ڈاکٹر کرسٹوفرایلس کے ہمراہ منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے وزیراعظم کو حالیہ انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے صحت عامہ’ ملکی سطح پر اثرات اور صحت سے متعلق علم اور معلومات تک عوام کی رسائی بڑھانے کے حوالے سے اپنی توجہ میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے جاری پروگراموں و منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے پولیو کے خاتمے کی بھرپور سرگرمیوں کی بناء پر پاکستان میں معاونت کی سطح کو نمایاں طور پر بلند کیا ہے۔ وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈبلیو ایچ او کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کو سراہتا ہے۔ انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کو قومی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے طور پر جاری رکھے ہوئے ہے۔ پولیو کے قطرے پلانے کی سرگرمیاں صوبوں کی قریبی معاونت سے منظم کی جاتی ہیں اور قومی’ صوبائی اور ڈویژنل ٹاسک فورسز کی جانب سے ان کی براہ راست نگرانی کی جاتی ہے۔ انہوں نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان میں سب کے لئے صحت کو بہتر بنانے کی اپنی کوششوں میں ایک بااعتماد شراکت دار کی حیثیت سے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس نے بل گیٹس کی طرف سے ایک خط بھی وزیراعظم کو پہنچایا۔ قائم مقام سربراہ ڈبلیو ایچ او کنٹری آفس پاکستان ڈاکٹر نیما سعید عابد اور ڈی جی ڈبلیو ایچ او کی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر سینٹ فسیہا بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطا ، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ ، سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) زاہد سعید اور دیگر سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔