وزیراعظم عمران خان کی کابینہ ن لیگ کے دور کی کابینہ سے کارکردگی میں بہتر اور کرپشن سے پاک ہے ،اپوزیشن ارکان کوخریدنے کے لئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگا رہی ہے،ڈاکٹر شہباز گل

100
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ ن لیگ کے دور کی کابینہ سے کارکردگی میں بہتر اور کرپشن سے پاک ہے ،اپوزیشن ارکان کوخریدنے کے لئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگا رہی ہے،ڈاکٹر شہباز گل

لاہور۔13مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ ن لیگ کے دور کی کابینہ سے کارکردگی میں بہتر اور کرپشن سے پاک ہے، وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے سلسلہ میں ہمارے اتحادی اپنا فیصلہ خود کریں گے،

ہماری پارٹی کے کسی رکن نے اپنا ضمیر بیچا تو اسے ووٹ دینے سے پہلے نااہل قرار دیں گے، اپوزیشن اگلے چار دن میں اپنا کوئی رکن غائب کر کے ڈرامہ بازی کرے گی، علیم خان ہمارے ساتھ ہیں ، وزیراعظم عمران خان کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے وزیراعظم عمران خان اور نواز شریف دور کی کابینہ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کابینہ ہر لحاظ سے کرپشن سے پاک اور کارکردگی میں نواز شریف دور کی کابینہ سے بہتر ہے ، (ن) لیگ نے میڈیا کی معاونت سے یہ پراپیگنڈا کیا کہ عمران خان کی ٹیم اچھی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جب دیکھا کہ وہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی تو انہوں نے کابینہ پر حملے شروع کر دیئے، اچھا کام کرنے والوں کی عوام میں برائیاں شروع کر دیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف دور میں چوہدری نثار علی خان کے علاوہ باقی تمام مین وزرا کرپشن میں ملوث رہے۔ احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی ، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، خرم دستگیر اور مفتاح اسماعیل کی کرپشن ریکارڈ پر ہے

،احسن اقبال نے درختوں کی فروخت میں کرپشن کی، شاہد خاقان عباسی نے مہنگے داموں ایل این جی کا ٹھیکہ دیا جبکہ پی ٹی آئی کے حماد اظہر کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اس کے باوجود اسے اپوزیشن ہلکا وزیر کہتی ہے،اسی طرح خرم دستگیر واحد وزیر تجارت رہا جس کے دور میں برآمدات نیچے آ گئیں جبکہ ہماری کابینہ کے ر زاق دائود ایکسپورٹ کو 20سے 30ارب تک لے گئے ، اس کے باوجود انہیں اپوزیشن ناکام کہتی ہے ،

اسی طرح (ن) لیگ کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی کرپشن سے سب واقف ہیں ،انہوں نے حدیبیہ پیپر ملز سے چوری شروع کی، اعداد و شمار میں ہیرا پھیری کی اور منی لانڈرنگ کے طریقے بتائے جبکہ ہمارے وزیرخزانہ شوکت ترین مشکل حالات میں معیشت کو اوپر لے کر گئے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ (ن) لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سوسائٹی میں کرپشن کی، جیل میں رہے ، خواجہ آصف نے ہائوسنگ سوسائٹی میں فراڈ کیا، منی لانڈرنگ کرنے کے لئے اقامے رکھے۔ پرویز رشید تنخواہ لینے کے باوجود پنجاب ہائوس کا 95لاکھ کا نادہندہ نکلااس کے باوجود اپوزیشن انہیں تجربہ کار ٹیم کا درجہ دیتی ہے ۔

اپنی کابینہ کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی تجربہ کار سیاست دان ہیں وہ کسی کرپشن میں ملوث نہیں، پرویز خٹک نے بطور سابق وزیراعلی ٰکے پی کے میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے انہیں موجودہ کابینہ میں ذمہ داریاں دی گئیں، وزیر تعلیم شفقت محمود پر کرپشن کا کو ئی الزام نہیں ، وفاقی وزیر اسد عمر کا تجربہ بتانے کی ضرورت نہیں سب جانتے ہیں ، مراد سعیدنے پاکستان پوسٹ کا خسارے سے نکالاجبکہ ثانیہ نشتر احساس پروگرام کو کامیابی سے چلا رہی ہیں ۔

ڈاکٹر فیصل نے کورونا کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا اعتراف عالمی سطح پرکیا گیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات فواد چوہدری نے پی ٹی وی کو خسارے سے نکالا، بطور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی ہمارے وزراء کی کارکردگی مثالی ہے جبکہ (ن) لیگ کے دور میں ان کے صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، رانا مشہود، سلمان رفیق و دیگر کی کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے جب دیکھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کو چھو نہیں سکتے تو انہوں نے ان کی کابینہ پر انگلیاں اٹھانا شروع کر دیں۔

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف جب امریکہ جاتا تو وہاں جا کر کہتا کہ پی ٹی آئی مذہبی جماعت ہے انہیں چھوڑیں، ہم آپ کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری طرف دیکھیں تو وزیراعظم عمران خان نے عزت کے ساتھ جینے کا فیصلہ کیا اور واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان کے وقار کو بلند کیا اورایبسولیوٹلی ناٹ کہا۔ملکی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جب حکومت ملی تو ملک میں بدترین خسارہ تھا جس کی وجہ سے ہماری شہرت دنیا میں ٹھیک نہیں تھی ، کورونا کے دوران معیشت کو دھچکا لگا ، بھارت کے ساتھ جنگ کا خطرہ الگ مسئلہ تھا ۔

ان تمام خطرات کا وزیراعظم نے دلیری سے مقابلہ کیا ، بھارت کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان میں اس وقت نواز شریف نہیں جو آموں کی پیٹیاں ، ساڑھیاں اور پگیں بانٹتا تھا ۔انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ اپنے میزائلوں کا رخ اپنی طرف موڑ لو اگر دوبارہ غلطی کی تو ایک کا جواب چار سے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل پاکستان میں خریدوفروخت کا بازار گرم ہے،اپوزیشن ارکان کوخریدنے کے لئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلے چار دن میں اپوزیشن اپنا کوئی ایم این ا ے غائب کر کے پراپیگنڈا کرے گی کہ ہمارا بندہ اغوا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے تمام انڈے چوزے اپنے پاس رکھے ۔

انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں لیکن اگر کوئی پی ٹی آئی کا ایم این اے ضمیر بیچے گا تو اسے ووٹ دینے سے پہلے ہی نااہل کر دیں گے ، اس کے خلاف اسی کے شہر میں پوسٹر لگائیں گے اور ہر سطح پر اس کا محاسبہ کریں گے ۔

علیم خان کے بارے میں سوال پر ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ علیم خان ہمارے بھائی ہیں اور وہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے۔