
کراچی ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت صنعتوں کے فروغ سے بیروزگاری کا خاتمہ کرے گی، درآمدات اور برآمدات میں فرق کو کم کریں گے، کاروباری طبقہ کی تجویز پر ایف بی آر کے محصولات اور پالیسی ونگز کو الگ الگ کر دیا گیا تاکہ منصوبہ بندی اور عملدرآمد موثر طور پر ہو سکے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں کراچی کے معروف صنعتکار بشمول سراج قاسم تیلی، طاہر خالق، ہارون آگر، شمیم فرپو، جنید اسمعیل ماکدہ اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر ، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار ، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر بحری امور علی ذیدی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر مملکت حماد اظہر، مشیر وزیر اعظم ڈاکٹر عشرت حسین، وزیر اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ نعیم الحق اور افتخار درانی بھی موجود تھے۔