وزیراعظم عمران خان کی گرکن گروپ کے سی او پاسکل گرکن سے گفتگو

172
APP69-13 ISLAMABAD: February 13 - Pascal Gerken, CEO Gerken SA, Founder E-Carbon and Chairman Young President Organisation called on Prime Minister Imran Khan at PM's Office. APP

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں منافع بخش کاروباری منصوبوں کے آغاز کے لئے سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لئے پر عزم ہے اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے یہ بات ینگ پریذیڈنٹ آرگنائزیشن کے چیئرمین اور گرکن گروپ کے سی او پاسکل گرکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وفد میں ایم ڈی ابیکس کنسلٹنگ عباس علی خان، سی ای او اے کے مارکیٹنگ عابد عمر، ایم ڈی سوات سرائمیکس کمپنی اظہر ناصر، سی ای او انٹر ووڈ موبل پرائیویٹ لمیٹڈ عمر فاروق، سی ای او ہاشو گروپ مرتضیٰ ہاشوانی اور چیئرمین ایم فائیو گروپ منیر معشوق اللہ شامل تھے۔ پاسکل گرکن نے وزیر اعظم کو ینگ پریذیڈینٹ آرگنائزیشن کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے وسیع نیٹ ورک کے بارے میں آگاہ کیا جو معیشت کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے غیر ملکی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے لئے حکومت کی آزادانہ پالیسی کو سراہا۔ وزیراعظم نے چیئرمین ینگ پریذیڈنٹ آرگنائزیشن کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہوئے معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص سیاحت کے میدان میں مواقع کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے نہایت پرکشش اور وسیع مواقع موجود ہیں جن سے ابھی تک استفادہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور اس میں نہایت آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی ہے جس کا مقصد کاروبار اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ واضح رہے کہ ینگ پریذیٹنس آرگنائزیشن نوجوان چیف ایگزیکٹوز کا عالمی نیٹ ورک ہے جس کے ممبران کی تعداد ہزاروں میں ہے اور گرکن گروپ براعظم ایشیا اور یورپ اور ریاست ہائے متحدہ امریکا کی 11 کمپنیوں پر مشتمل کاربن اور گریفائٹ ٹیکنالوجی کی انجنیئرنگ کمپنی ہے جس کا ہیڈکوارٹر بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہے۔ پاسکل گرکن گریگر ایس اے نامی ریئل اسٹیٹ گروپ کے شریک بانی بھی ہیں۔ اس گروپ کا بزنس جرمنی اور بیلجیئم میں ہے۔وہ تفریحی مقامات تعمیر کرنے والی کمپنی اوشن فرنٹ میانمار کے بانی بھی ہیں۔وہ ینگ پریذیڈنٹس آرگنائزیشن کے بورڈ کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔