وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے، موجودہ صورتحال میں معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شوذب

41

اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کنول شوذب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے اثرات کے تناظر میں عوام کے لئے ایک بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جس پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے، پٹرولیم مصنوعات آج سے 15 روپے سستی ہو گئی ہیں۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے غریب مزدور طبقے کے لئے،100 ارب روپے ایکسپورٹ انڈسٹری کے لئے، 100 ارب روپے میڈیم انڈسٹری، 50 ارب یوٹیلٹی سٹورز، 150 ارب بیروزگاروں کے لئے، پناہ گاہوں میں اضافہ، 100 ارب ایمرجنسی اور 280 ارب روپے کسانوں کے لئے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ صرف حکومت اکیلے نہیں جیت سکتی، موجودہ صورتحال میں معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا