وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے بڑے بریک تھرو کا امکان ہے،سابق پاکستانی سفیر میجر جنرل (ر) زاہد مبشر شیخ

132
وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے بڑے بریک تھرو کا امکان ہے،سابق پاکستانی سفیر میجر جنرل (ر) زاہد مبشر شیخ

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):سابق پاکستانی سفیر میجر جنرل (ر) زاہد مبشر شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے بھی بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔

منگل کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس بہت اہم ہے، وزیراعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے، پاکستان نے ہمیشہ امن کا پرچار کیا ہے،

کبھی جنگ کو سپورٹ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم دورے کے دوران روسی صدر کے ساتھ افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال اور اسلامو فوبیا کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سابق سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے تمام ممالک کے مفاد میں ہے،

افغان مسئلہ پر خطے کے ممالک کا کردار دن بدن بڑھ رہا ہے، تمام علاقائی ممالک کومل کر افغانستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اہم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے مستقبل قریب میں ہونے والے مختلف اجلاسوں سے کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا، امید ہے کہ خطے کے ممالک مل کر افغانستان کیلئے بہتر فیصلہ کریں گے۔

زاہد مبشرشیخ نے کہا کہ خطے میں کسی بھی ملک کے ساتھ بھارت کے دوستانہ تعلقات نہیں ہیں، بھارت پاکستان، چین، بھوٹان اور سری لنکا سمیت تمام ممالک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔