اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے اچھے ثمرات مرتب ہوں گے، دورہ چین کی تیاری کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ نہیں آئے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ”ندیم ملک لائیو“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بہترین لیڈر ہیں جو ملک کے لیے وژن اور کمٹمنٹ رکھتے ہیں، میں نے وزیراعظم عمران خان کو مخلص، ایماندار اور کمٹڈ شخص پایا اور اسی وجہ سے میں ان کے ساتھ کھڑا بھی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اگر کوئی آخری شخص کھڑا ہو گا تو وہ میں ہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ فون نہ اٹھانے پر آئی جی کو تبدیل کیا گیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کا حامی ہوں اور بطور سپیکر قومی اسمبلی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک جیسا سلوک کرنے کی پوری پوری کوشش بھی کرتا ہوں جو میری ذمہ داری بھی ہے۔