وزیراعظم عمران خان کے عوام کیلئے ریلیف پیکیج کے اعلان سے اپوزیشن حواس باختہ ہو گئی ہے، معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

68

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے عوام کیلئے ریلیف پیکیج کے اعلان سے اپوزیشن حواس باختہ ہو گئی ہے، اسے سمجھ ہی نہیں آ رہا کہ کرنا کیا ہے، حکومت کو اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کی کوئی پروا نہیں ہے، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا مشن جاری رکھیں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، یہ اپوزیشن کا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ساتواں سیزن چل رہا ہے، اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ابھی تک انہیں خود نہیں پتا کہ شہباز شریف نے مریم یا مریم نے شہباز شریف کے خلاف عدم اعتماد کرنا ہے۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کی معاشی صورتحال پر دبائو تھا تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، صنعتیں، تعمیراتی و ہائوسنگ اور زراعت کے شعبے ترقی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی فی یونٹ میں 5 روپے کمی کر کے عوام کو بڑا ریلیف دیا ہے، اس اعلان سے غریب لوگوں پر مہنگائی کا بوجھ کم ہو گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی سلسلے میں صحت کارڈ اور احساس پروگرام جیسے فلاحی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔