وزیراعظم عمران خان کے عوام کیلئے ریلیف پیکیج کے اعلان سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار

88

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے عوام کیلئے ریلیف پیکیج کے اعلان سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے، وزیراعظم نے معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدام اٹھایا ہے، اپوزیشن کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے کے بجائے اخلاقی جرات کا مظاہرہ کر کے انہیں سراہانا چاہیے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جو گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے پروپیگنڈے کر رہی تھیں کہ حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے رہی، اب وزیراعظم نے جب پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے تو انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ کیا بولیں، آج پھر اپوزیشن کا دوہرا معیار عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو گیا ہے۔

عثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے نوجوانوں کیلئے انٹرنشپ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہزاروں کی تعداد میں گریجویٹس اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد سے بھاگ گئی ہیں، اب یہ لوگ وزیراعظم عمران خان سے استعفے کی بھیک مانگ رہے ہیں، اتحادی جماعتیں مضبوطی سے حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں، یہ لوگ جو مرضی کر لیں وزیراعظم عمران خان کی وکٹ نہیں گرا سکتے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حیدرآباد پہنچے سے پہلے ہی بلاول بھٹو کا سانس پھول گیا ہے، ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے اسلئے عوام کبھی ان کے مارچ کی حمایت نہیں کریں گے۔