اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم دونوں پناہ گاہیں بے گھر افراد، کھلے آسمان تل رات بسر کرنے والے نادار افراد اور مسافروں میں دن بدن پذیرائی حاصل کرنے لگیں ہیں۔ آئی الیون فور پناہ گاہ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب 400 سے زائد افراد نے پرسکون رات بسر کی۔ چیف کمشنر اسلام آباد طاہر علی احمد اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی نگرانی میںصرف 20 روز کے مختصر عرصہ میں قائم کی گئی پناہ گاہ غریب اور نادار افراد کے لئے کھول د ی گئی۔ پناہ گاہ ترلائی اور آئی الیون فور میں محنت کش طبقات اور مسافروں کی آمد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ترلائی پناہ گاہ میں 82 افراد رجسٹرڈ ہوئے اور 50 سے زائد نے قیام کیا اور 100مہمان مسافروں کو رات کا کھانا کھلایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر وسیم خان آئی الیون فور پناہ گاہ کی جبکہ ڈاکٹر وقار ترلائی شیلٹر ہوم کے انچارج ہیں۔ شیلٹر ہومز میں سکونت اور قیام کے آنے والوں کو دو وقت کا کھانا اور صبح کا ناشتہ ، صاف ستھرا رہائشی ماحول اور بستر فراہم کئے جاتے ہیں ۔ خواتین کے لئے علیحدہ جگہ ہے جبکہ ڈسپنسری اور ایمبولینس کی سہولت 24 گھنٹے کے لئے ہے ۔ ضرورت کے مطابق غریب اور نادار افراد کو گرم اونی ٹوپیاں اور سویٹرز بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ آئی الیون پناہ گاہ جو پیر ودھائی بس ٹرمینل اور آئی لیون فروٹ اینڈ ویجیٹبل منڈی کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے معاشرہ کے بے سہارا افراد اور دور دراز سے کام کاج کے لئے آ ئے مسافروں کا سب سے بڑا مسکن بن چکا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب آئی الیون فور میں سکونت اختیار کرنے والے مسافروں اور محنت کشوں کی تعداد 400تھی۔