اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) سی پیک کے تحت سوشل اکنامک ڈویلپمنٹ پروگرام پر دونوں ممالک کو برابر کے مواقع فراہم کررہا ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے حکام پرعزم ہے کہ اس تعاون کے تحت ان تمام منصوبوں کو جلد از جلد فعال بنانے کی کوشش کی جائے گی جو اس وقت منصوبہ بندی و تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔ سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مختصر سے درمیانے مرحلے کے دوران سی پیک کو زراعت اور سماجی و معاشی شعبوں کی جانب وسعت دی جارہی ہے۔ ان شعبوں میں نشوونما کے وسیع مواقع موجود ہے جس سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں چینی تعاون سے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 8 ویں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران دونوں جانب کے ماہرین نے ایک ایکشن پلان وضع کیا تھا جس پر عمل درآمد کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ اس تعاون کے تحت تعلیم، صحت، زراعت، فنی تعلیم، غربت کے خاتمے اور آبنوشی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے جس کی فہرست چینی ماہرین کو فراہم کی جائے گی۔ اس شعبے میں کم مالیت کے ایسے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن کی تکمیل جلد از جلد ممکن بنائی جاسکے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ پہنچایا جا سکے۔ فنی تعلیم، صحت، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے و غربت کے خاتمے کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔