وزیراعظم عمران خان کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ایک ارب مینگروزکے درخت لگائے جائیں گے،ملک امین اسلم

71

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پاکستان کے ساحلی علاقوں میں ایک ارب مینگروزکے درخت لگائے جائیں گے۔ اس حوالے سے جامع منصوبے کی تیاری پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک ارب مینگروزکے درخت بلوچستان اور سندھ کی ساحلی علاقوں میں لگائے جائیں گے۔ ایک ارب مینگروز کے درخت لگانے کے حوالے سے جامع منصوبہ کی تیاری پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ایک بین الاقوامی ماحولیاتی تنظیم کی تازہ تحقیق کے مطابق گذشتہ 30 سالوں میں پاکستان میں مینگروز جنگلات پر مشتمل رقبے میں مختلف ماحول دوست اقدامات کے باعث 300 گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ان جنگلات کے رقبے میں مزید اضآفہ کرنے کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے وزارت موسمیاتی تبدیلی نے بلوکاربن ایکوسسٹم اسٹریٹجی بنانے پر کام شروع کردیا ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ اس منصوبے کا خاص مقصد مینگروز جنگلات کے رقبے میں اضآفہ کرکے عالمی حدت کا باعث بننے والی زہریلی گیسوں کے اخراج میں کمی لانا ہے۔بلوکاربن ایکوسسٹم منصوبہ مینگروز جنگلات اور ان کے کاربن گیسوں کواپنے اندر جذب کرنے کے حوالے سے معاشی تخمینہ لگانے میں اہم ثابت ہوگا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ مینگروز جنگلات ماحول دشمن زہریلی گیسوں کو کم کرنے میں دوسرے اقسام کے جنگلات کی بنسبت پانچ گُنا زیادہ کم کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساحلی علاقے عالمی حدت میں اضآفے کے باعث مختلف ماحولیاتی و موسمیاتی خطرات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینگروز کے جنگلات سمندری طوفانوں کو روکنے اور ان کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ سمندری سطح میں اضافے کو کم کرنے میں انتہائی موثر ثابت ہوں گے ۔