وزیراعظم عمران خان 21 سے 22 اپریل تک ایران کا سرکاری دورہ کریں گے‘ دفتر خارجہ

72

اسلام آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان 21 سے 22 اپریل تک ایران کا سرکاری دورہ کریں گے۔ انہیں اس دورے کی دعوت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے دی ہے۔ وزیراعظم کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ وزیراعظم تہران جاتے ہوئے مشہد میں مختصر قیام بھی کریں گے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے ملاقات کے ساتھ ساتھ صدر حسن روحانی سے بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ خزانہ، انسانی حقوق، بحری امور، بین الصوبائی رابطہ کے وزرائ، مشیر تجارت، ٹاسک فورس برائے توانائی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کے ساتھ ساتھ سینئر اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔ وزیراعظم ایران میں ایرانی اور پاکستانی کاروباری برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تاریخی اور ثقافتی روابط اور عوام کی سطح پر مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ پاکستان اور ایران اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے بھی رکن ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ ایران سے دونوں ممالک کے قریبی دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔