اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان 5 نومبر 2018ءکو شنگھائی میں منعقد ہونے والی فرسٹ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) میں شرکت کریں گے۔ نمائش میں دیگر 18 ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت بھی شریک ہوں گے۔ چین کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم چین کے صدر ژی جن پنگ کی دعوت پر 6 روزہ نمائش میں شرکت کر رہے ہیں اور اس کے افتتاحی سیشن میں اہم مقرر بھی ہوں گے۔ بیان کے مطابق نمائش میں 130 ممالک کی 2800 سے زائد کمپنیوں سمیت چین کی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق سی آئی آئی ای میں جمہوریہ چیک کے صدر، کیوبا کے صدر، کینیا کے صدر، لتھوانیا کے صدر، پاناما کے صدر، السلواڈور کے صدر، سوئٹزرلینڈ کے صدر، مصر کے وزیراعظم سمیت روس کے ڈپٹی وزیراعظم اور دیگر ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔